

Loading content...
جناب شوذب سلام اللہ علیہ نے جواب دیا میں عزم مصمم کر چکا ہوں کہ فرزند رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے قدموں میں اپنا سرقربان کروں گا، جناب عابس سلام اللہ علیہ نے فرمایا میرا تیرے متعلق پہلے سے یہی گمان تھا آؤ اپنے شہنشاہ معظمعلیہ الصلوات والسلام کی خدمت میں مل کر چلیں تاکہ ہمیں شہداء کی فہرست میں داخل فرمالیں اور یقین جانئے کہ آج کے بعد پھر یہ موقعہ ہرگز ہاتھ نہ آئے گا آج تو وہ دن ہے کہ اگر انسان چاہے تو تحت الثری سے ترقی کر کے آسمان تک پہنچ سکتا ہے اور انتہائی تاریکی اور پستی سے انتہائی بلندی تک رسائی حاصل کر سکتا ہے… یہ دونوں جوان کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام کی خدمت میں حاضرہوئے اور اذن جہاد طلب کیا تو ان میں سے پہلے جناب شوذب سلام اللہ علیہ کو رخصت ملی …انہوں نے اپنے ولی العصرعلیہ الصلوات والسلام کی بہت ہی خوبصورت اور بھرپور نصرت کی اور جام شہادت نوش کر کے اعلیٰ علیین میں وارد ہوئے ان کے بعد جناب عابس بن شبیب شاکری سلام اللہ علیہ نے عرض کیا آقا آپ میرے دل کا حال اچھی طرح جانتے ہیں کہ اللہ جل جلالہ کی پوری مخلوق میں سے میرے نزدیک کسی کی قدر ومنزلت آپ کے برابر نہیںاور اگر میرے بس میں ہوتا اورمیں کر سکتا تو ان مصائب کا طوفان آپ سے ہر ممکن کوشش کر کے دور کرتا لیکن کیا کروں بے بس ہوں آپ میری قربانی قبول فرمائیے اور اذن جہاد عطا فرمائیے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار