

Loading content...
امام صادق علیہ الصلوات والسلام نے فرمایا کہ اس کے بعد خالق نے فرمایا کہ کیونکہ آپ نے ہماری قدرت پر شک کیا ہے اس لئے ہم جناب اسحاق علیہ السلام کی اولاد کو چار سو برس تک معذب رکھیں گے… پھر وہ وقت آیا کہ جب جناب اسحاق علیہ السلام کی اولاد پر فرعون رعمیسس کو مسلط کیا گیا اور اس نے جو ظالمانہ رویہ رکھا اس کے بارے میں کلام اِلٰہی بھرا ہوا ہے… آخر اس امت کے ایک عالم نے بنی اسرائیل سے کہا کہ آپ ایسا کریں کہ دعا ئے تعجیل فرج کریں،اس کا انہوں نے یہ طریقہ بتایا کہ سارے لوگ صحرا میں نکل جائیں اور وہاں جا کر مرد اور مستورات ایک دوسرے سے جدا ہوجائیں اور بچوں کو والدین سے جدا کردیں اور گریہ و زاری کے ساتھ دعا کریں بچے جب والدین سے جدا ہوکر گریہ و بکا کریں گے تو دعا جلدی مستجاب ہوگی… پھر انہوں نے اسی طرح کیا اور پورے چالیس دن تک انہوں نے گریہ و زاری کے ساتھ دعا کی…اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ابھی اس مقررہ مدت میں سے ایک سو بیس سال یا اس سے کچھ کم و بیش حصہ ابھی رہتا تھا کہ خالق کی طرف سے جناب موسیٰ علیہ السلام کو حکم ہوا کہ ہم نے ان کی فریاد سن لی ہے آپ جا کر انہیں عذاب سے نجات دیں… اس واقعے کو بیان فرمانے کے بعد امام صادق علیہ الصلوات والسلام نے فرمایا ٭ہکذا انتم… اے شیعو آپ کا معاملہ بھی اسی طرح کا ہے اگر تم بھی اسی طرح گریہ زاری کے ساتھ مل کر دعا کرو گے تو پھر خروج ہوجائے گا اور اگر تم غفلت میں پڑے رہے تو پھر خروج اپنے وقت پر ہوگا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار