

Loading content...
میں نے ان سے گذارش کی کہ آپ کے اس فرمان سے تو یہی تبادر ہوتا ہے کہ ہر اس کتاب کے منقولات کو درست نہیں سمجھنا چاہیے جو کسی معصوم کی لکھی ہوئی نہیں ہے مگر اس میں قباحت یہ ہے کہ ہمارے آئمہ ہدیٰ علیہم الصلوات والسلام کی لکھی ہوئی کوئی کتاب ہمارے پاس موجود نہیں ہے بلکہ ان کے فرامین و احادیث کو غیر معصوم علمائے کرام رضوان اللہ علیھم نے جمع کیا ہے بلکہ ہمارے صحاح اربعہ بھی غیر معصوم علمائے کرام کے لکھے ہوئے ہیں اور اگر ہم ہر کتاب کے بارے میں یہی نظریہ قائم کرلیں تو پھر ہمارے لئے اپنے دین میں کوئی چیز قابل عمل و وثوق نہیں رہ جاتی…یہ فقہ رضا ہمارے کتب قدیمہ میں سے ہے جس کے حوالے خود بحار الانوار اور مستدرک الوسائل میں موجود ہیں جس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ کتاب ان کے زمانے سے بہت پہلے کے کسی عالم و فاضل رضوان اللہ علیہنے لکھی ہے تو اسے ہم کس طرح ناقابل عمل کہہ سکتے ہیں؟… ہاں اس کے بعض روایات کے بارے میں ہم دیکھتے ہیں کہ وہ ہمارے مسلمات کے خلاف ہیں اور ہم ان روایات کو دیکھتے ہوئے اس کتاب کے کلی مشتملات کو رد کردیں تو اس طرح ہماری کوئی کتاب بھی رد ہونے سے نہ بچ سکے گی کیونکہ ہمارے سارے پرانے کتب ایسے ہیں کہ ان میں کوئی نہ کوئی روایت ایسی ضرور موجود ہے جو ہمارے مسلمات مذہب کے خلاف ہے کیونکہ ہمارے متقدمین رضوان اللہ علیھم نے تجمیع کا عمل کیا تھا اور اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ تجمیع میں رطب و یابس سب جمع کرنا پڑتا ہے تحقیق تو بعد میں ہوتی ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار