

Loading content...
مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اس فنکار ازل نے ایک کامل آرٹسٹ (Artist) کی طرح اس کائنات کے کینوس (Canvas) پر لاکھوں کروڑوں رنگوں کے شیڈ نکال نکال کر اپنی تنوع پسندی اور جدت طرازی کا بھر پور مظاہرہ فرمایا ہے اور اس نے ہر چیز کی تخلیق میں اپنے پوشیدہ فنکار کا مکمل تعارف کروانے کی پوری پوری کوشش کی ہے اس نے اس کائنات کی اربوں اشیا میں سے ہر چیز کو علیحدہ علیحدہ رنگ، خوشبو، ساخت اورہیئت بخشی ہے اس نے اس کائنات کے کینوس (Canvas) پر رنگ و نور کی بارش کرکے خود کوظاہر کرنے کی بھر پور کوشش تو کی ہے مگر انسان کو جودماغ و نظر و حواس ملے ہیں یہ تو صرف چند ہزار رنگوں میں تمیز کر سکتے ہیں حالانکہ اس نے بوقلمونیت اور گوناگونیت کا سمندر موجزن کر رکھا ہے، جملہ حیوانات، انسان، ایک جرثومے سے لے کر کائنات تک اس کی ہر چیز اپنی ہی نوع کے افراد سے ایک دم مختلف ہے نہ رنگ ملتا ہے، نہ صورت، نہ شکل، نہ عقل، نہ آواز، نہ انداز، نہ خوشبو، حتیٰ کے باڈی سیلز (Body Cells) اور جنیز تک ایک دوسرے سے مختلف ہیں، یہ کائنات تو اس کا ایک اگزبیشن ہال (Exhibition Hall) ہے یعنی اس کی آرٹ گیلری (Art Gallery) ہے جہاں اس کے فن پاروں کی نمائش ہورہی ہے تاکہ کوئی اس کے فن تخلیق کے حوالے سے اس کی عظمت کا ادراک کر سکے… طلوعِ ازل سے لے کر غروب ابد تک اگر دیکھا جائے تو یہ عالم موجود اس کی ایک آرٹ گیلری(Art Gallery) ہے اور اس نے یہ آرٹ گیلری(Art Gallery) اپنے فن پاروں کی نمائش کیلئے سجا رکھی ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار