

Loading content...
دوستو!ـیہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس کائنات کی ہر چیز پیاز کی طرح ہزاروں لاکھوں پرتیں رکھتی ہے اور اس کی جب بھی کوئی ایک پرت اتارتا ہے تو اسے اگلی پرت پر پھر وہی سوالیہ نشان نظر آتا ہے، اسی طرح انسان جب ان اشیا کے اندر ہزار درہزار سوالیہ نشان دیکھتا ہے تو وہ حیرت سے مبہوت ہوجاتا ہے اس کی حیرت کی کوئی انتہا نہیں رہتی اور انسان ان سوالیہ نشانات ہی سے ایک لامتناہی حیرت کو دریافت کرتا ہے یہی مقامِ حیرت ہی انسان کیلئے مقام معرفت ہے کیونکہ حیرت ہمیشہ عجز و لاعلمی کے ادراک کانام ہے اور جب انسان اپنی لاعلمی و عاجزی کو دریافت کر لیتا ہے تو وہ در اصطلاحِ شرع عارف ہوجاتا ہے میں نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ عرفان کا نقطۂ آغاز مشاہدہ ہے اور یہی مشاہدہ ہی ہوتا ہے جو انسان کو سوالیہ نشان تک پہنچاتا ہے جہاں جاکر انسان اپنے عجز و حیرت کو دریافت کرتا ہے اور عارف بن جاتا ہے اور حیرت جتنی جتنی زیادہ ہوتی جاتی ہے معرفت کامل ہوتی جاتی ہے اس لئے عرفا کبھی یہ دعا نہیں کرتے کہ رب زدنی علما اے میرے رب میرے علم میں زیادتی فرما بلکہ وہ دعا کرتے ہیں رب زدنی تحیرا اے میرے رب میری حیرت میں زیادتی فرما مجھے اپنے دشتِ معرفت میں سرگراداں فرمادے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار