

Loading content...
ایک دوست کسی آدمی کا واقعہ سنا رہا تھا کہ اس کے پاس ایک مولوی صاحب تشریف لائے اور ان سے خمس طلب کیا تو اس نے کہا جناب میرا خمس ایک لاکھ روپیہ بنتا ہے مگر میں ایک وقت میں اسے ادا نہیں کر سکتا اور مولا پاک سے ڈرتا بھی بہت ہوں اب آپ ہی کوئی راستہ نکال دیں…اس پر مولوی صاحب نے فرمایا کہ تمہارے پاس کچھ نہ کچھ رقم تو ضرور ہوگی؟ اس نے عرض کیا جناب دس ہزار روپے میرے پاس ہیں… اس پر مولوی صاحب نے کہا کہ تم وہ میرے پاس لے آؤ جب وہ لایا تو انہوں نے کہا یہ تم خمس کی نیت سے مجھے دے دو، اس نے ایسا ہی کیا، اس کے بعد انہوں نے کہا اب یہ رقم مجھ سے قرض کی نیت سے طلب کرو اس نے ایسا کیا اور اس کے بعدمولوی صاحب نے فرمایا کہ اب یہ مجھے دوبارہ خمس کی نیت سے دے دو اس طرح دس مرتبہ خمس کی نیت سے وہ رقم دی گئی اور قرض کی نیت سے واپس ہوئی اس طرح کرنے کے بعد مولوی صاحب نے فرمایا اب تمہارا جو شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کا حق تھا وہ ادا ہوچکا ہے اور اس وقت تم نوے ہزار کے میرے ذاتی مقروض ہو… یہ سن کر اس نے کہا جناب مولوی صاحب آپ مہربانی کریں میںنے جہاں نوے ہزار آپ کو دینا ہیں وہاں ایک لاکھ ایک ساتھ پیش کروں گا یہ دس ہزار مجھے پھر قرض کی نیت سے واپس کریں، جب مولوی صاحب نے اسے وہ دس ہزار بھی دے دئیے تو اس نے کہا جناب میں ڈرتا تو اپنے شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف سے تھا کہ کہیں وہ اپنے مال کے ہضم کرنے کے جرم میںمجھے ابدی جہنم میں نہ ڈال دیں اب ان کا کھاتا تو صاف ہوگیا ہے اب میں آپ کا مقروض ہوں آپ جیسے ہزاروں لوگوں کا مال تو میں پہلے ہی کھا چکا ہوں اب مولا کو جواب آپ دیںگے اور آپ کو جواب میں نے دینا ہے اس لئے میں آپ کو کچھ بھی نہیں دوں گا جہاں دیگر لوگوں کے مال کاحساب دے لوں گا تو ایک آپ بھی سہی… دوستو!ـاس دور میں احکام دین کو اس طرح مذاق بنایا جا رہا ہے اس لئے اس قسم کے لوگوں کو نمبر دو سمجھیں جو دین کی اہمیت کو کم کرتے ہیں یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے آپ نے شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف اور مخدومہ کائنات صلوات اللہ علیہا کا حق ادا کرنا ہے اس میں کسی قسم کی ری شیڈولنگ (Re Scheduling) نہیں ہوتی … مال خمس کی ادائیگی میں بہت زیادہ احتیاط کرنا لازم ہے ورنہ مال بھی چلا جائے گا اور قرضہ بھی باقی رہے گا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار