

Loading content...
یہ بات نمبر دو لوگوں کی پھیلائی ہوئی ہے کہ تم گنہگار ہوتم اس قابل نہیں ہو کہ کریم ازل آپ کو زیارت کروائیں… حقیقت یہ ہے کہ وہ شہنشاہ زمانہ تو ہمہ وقت منتظر رہتے ہیں کہ کوئی مومن ان کی جد اطہر علیہ الصلوات والسلام کا عزادار ماتمدار ان کی طرف رجوع کرے، اس میں ہمارا قصور ہے کہ ہم ان سے رابطہ کرنے کی کوشش ہی نہیں کرتے… اگر یہ بات پسند نہ ہو تو ایک دوسرا راستہ بھی ہے کہ آپ ہر نیمہ شعبان کی صبح کو عریضہ دریا میں ڈالتے ہیں حالانکہ یہ عریضہ صرف نیمۂ شعبان تک محدود نہیں بلکہ جب بھی آپ عریضہ لکھنا چاہیں لکھ سکتے ہیں اس میں دن اور وقت کی قید نہیں ہے اور نہ ہی جناب حسین بن روح علیہ السلام کے سپرد کرنے کی قید ہے بلکہ نواب اربعہ میں سے جن کے سپرد بھی کریں گے وہ عریضہ مالک حقیقی عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف تک پہنچ جاتا ہے اسی طرح آپ اپنا مال خمس بھی عریضے کے ساتھ دریا کے سپرد کردیں وہ بھی عریضے کی طرح شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف تک پہنچ جائے گا اور آپ کو اس کی رسید بھی مل جائے گی کہ آپ کا مال پہنچ چکا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ جس طرح ہمارے اوپر فرض ہے کہ ہم خمس پیش کریں تو بعینہ شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنا مال وصول فرمائیں لیکن یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ راس المال پہلے درست ہو یعنی میراث درست ہو، کسی کا مال چوری یا غصب شدہ نہ ہو کیونکہ مال حرام کا خمس ہوتا ہی نہیں ہے، جیسا کہ کتے پر تکبیرنہیں پڑھی جا سکتی یا پڑھ بھی لیں تو حلال نہیں ہوجاتا اسی طرح مال حرام جس کے ذرائع آمد و حصول غیر شرعی ہوں ان کا خمس ہوتا ہی نہیں ہے اس میں سب سے پہلے مال کوشرعی حیثیت دیں اس کے بعد اس کل کا پانچواں حصہ علیحدہ کریں اور پھر مالک ومہربان ذات عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کے کرم کو آزمائیں ہاں اگر مال ہی درست نہ ہو تو پھر جسے دے دیں اس سے شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کو کوئی غرض نہیں ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار