

Loading content...
دوستو!… حقیقت بدیہی ہے کہ عشق میں کوئی عمل نہیں پایا جاتا بلکہ اصل عمل تصرف و تسخیر حسن میں ہوتا ہے ہاں اسے ہم اس طرح بیان کر سکتے ہیں کہ پہلے حسن میں جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے اس کے بعد عشق میں جذب ہونے کی صلاحیت ہوتی ہے اور کیونکہ جب حسن اپنے کمالیہ نقاط کو چھو رہا ہوتو وہ غیر عاشق میں بھی عشق پیدا کرکے اس پر تصرف کرلیتا ہے اور اس سے ہوش وحواس اور احساسات و مدرکات کو سلب کرکے اپنے اندر جذب کرلیتا ہے جیسا کہ ہم جناب یوسف علیہ السلام کے واقعہ میں ان مصری عورتوں کودیکھتے ہیںکہ جو غیر عاشق تھیں مگر جب انہوں نے مشاہدۂ حسن کیا تو اس میں ان کا شعور سلب ہوگیا یعنی عشق ہوا نہیں بلکہ حسن نے پیدا کردیا اور انہیں صف ِعشاق میں کھڑا کردیا اور اس کے بعد ان کے ہوش وحواس و عقل وشعور و احساسات کو سلب کرکے اپنے اندرجذب کرلیا اور ایک طرح سے سب کو مجذوب بنادیا اور ایساتصرف کیا کہ ان کی ایک کے بعد ایک انگلی کٹتی چلی گئی مگر انہیں کسی چیز کا احساس تک نہ ہوا یعنی ان کا احساسِ اذیت تک سلب کرلیا …اس بات سے یہ بھی ثابت ہوجاتا ہے کہ عشق حسن کا وفادار نہیں ہوتا بلکہ حقیقت میں حسن عشق کو اپناوفادار بنالیتا ہے یا اپنا غلام بنالیتا ہے اور عشق کو ہمیشہ حسن کا وفادار رہنا پڑتا ہے اور یہ عشق کی مجبوری ہے اس کا اختیاری معاملہ نہیں ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار