

Loading content...
یہ ہم پر مومنین کا حق ہے کہ ہم انہیں نجات بخشیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ اللہ د کسی کی حق تلفی نہیں فرماتا اور اس کے وعدوں کو پورا کرنا ہمارے زمانے کے شہنشاہ معظم عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کا فرض ہے اس لئے اپنے حق کو ان سے طلب کرنا ہمارا فریضہ ہے ہمیں ان کی مدد سے ان اعمال و افعال کو چھوڑنا ہے کہ جو ان کی نصرت اور خدمت کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں ہماری زندگی کا مقصد یہ نہیں کہ ہم آخرت کی عیاشی کیلئے یہاں کے لذات کو ترک کریں بلکہ ہماری معراج یہ ہے کہ ہم اپنے شہنشاہ معظم عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کی نصرت کے اعزاز کو پانے کیلئے ان کی خدمت کی سعادت سے فیضیاب ہونے کیلئے ان کی اطاعت کو اختیار کریں، ہماری نیت یہ ہو کہ کل جب ان کا منبر عدل و اقتدار آرستہ ہو تو ان کے سامنے ہم مجرم کی طرح پیش نہ ہوں بلکہ ان کے انصار کی طرح پیش ہوں اور ان کے قیام عدل میں ان کے معاون کار کی حیثیت سے کام کریں ان کی حکومت اِلٰہیہ کے ہم کارکن ہوں، نہ کہ ایک کرپٹ افسرکی طرح اپنی فائلیں پکڑے سرجھکائے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے میں مصروف ہوں ہمیں تو ان کے سامنے سرخرو ہونا چاہیے نہ کہ شرمندہ ہوکر جانا چاہیے…ہم اگر گنہگار کی طرح ان کے سامنے مجرمانہ انداز میں پیش ہوں گے تو اس کا تو امکان ہے کہ وہ معاف فرمادیں گے مگر اس کا کوئی امکان نہیں کہ کسی کرپٹ آدمی کو وہ اپنی خدمت کا عہدہ عطا فرمائیں گے یا اس پر فخر کریں گے یا اپنے لشکر میں جگہ عطا فرمائیں گے کیونکہ ان کا سارا نظام تو عدل پر مبنی ہونا ہے اس میں کسی کرپٹ آدمی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہوگی اس لئے ہمیں قبل از وقت توبہ کرنا چاہیے اور اپنی اصلاح کرلینا چاہیے کیونکہ فرمایا یہی گیا ہے کہ لاینفع نفس ایمانہا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار