

Loading content...
آپ دیکھیں کربلا کا میدان ہے، امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام اپنے آخری سجدے کی تیاری کر رہے ہیں، ادھر ظالم ازلی ملعون ہاتھ میں حربہ لے کر آتا ہے، ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا علیہم السلام کے ارواح یہ منظر دیکھنے کیلئے کربلا میں پہنچ چکے ہیں، پورا عالم ملکوت اس آخری سجدے کو دیکھنے کیلئے حاضر ہے، جنات و ارواح کا ایک سمندر موجیں مار رہا ہے، سارے اس آخری سجدے کو دیکھنے کیلئے آئے ہوئے ہیں اس وقت امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام نے سرِ اطہر سجدے میں رکھا شہنشاہ انبیا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے لے کر امام حسن عسکری علیہ الصلوات والسلام تک سارے معصومین علیہم الصلوات والسلام ان کے سب سے زیادہ قریب تشریف فرما ہیں اس وقت ملعون ازل امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کو سجدے میں دیکھ کر ضرب لگانا چاہتا ہی تھا کہ سب سے پہلے شہنشاہ انبیا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنا گلوئے مبارک ان کے گلوئے اطہر پر رکھ دیا… صاحب سر الشہادتین کا بھی یہی قول ہے کہ امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کی شہادت دراصل شہنشاہ انبیاصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شہادت تھی یعنی جونہی ملعون ازل نے ضرب لگائی تو شہنشاہ انبیاصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنا گلوئے اطہر پیش کیا اور پہلے ضرب انہوں نے اپنے گلوئے مبارک پر قبول فرمائی اس کے بعد اس ملعون نے دیکھا کہ اس کی پہلے ضرب کا کوئی اثر نہیں ہوا اس نے دوسری ضرب لگانا چاہی تو فوراً امیرکائنات علیہ الصلوات والسلام نے اپنا گلوئے مبارک امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کے گلوئے مبارک پر رکھ دیا دوسری ضرب انہوں نے قبول فرمائی اس کے بعد ملکۂ عالمین صلوات اللہ علیہا نے اپنا گلوئے مبارک رکھا اسی طرح سارے معصومین علیہم الصلوات والسلام اپنے گلوئے اطہر پیش کرتے چلے گئے اسی لئے ارشاد ہے کہ جب خروج ہوگا تو سارے معصومین علیہم الصلوات والسلام کے گلوہائے اطہر پر اس ملعون کی ضربوں کے نشان موجود ہوں گے…اسی طرح سارے معصومین علیہم الصلوات والسلام اپنا اپنا گلوئے مبارک رکھتے چلے گئے اور ایک ایک ضرب قبول فرماتے گئے تااینکہ تیرہویں ضرب چلنے کو آگئی اس وقت ہمارے شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف نے اپنا گلوئے مبارک اپنے جد اطہر علیہ الصلوات والسلام کے گلوئے اطہر پر رکھ دیا… یہی وہ قیامت کی گھڑی تھی کہ یہ منظر دیکھ کر سارے انبیا ماسلف علیہم السلام کی سانسیں سینوں میں اٹک گئیں ملکوت کی نبضیں ڈوبنے لگیں عالم ارواح کے جملہ مظلومین کی چیخیں نکل گئیں اور خالق سے عرض کیا خالق یہ کیا ہو رہا ہے یہ تو ہمارے منتقم عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف ہیں یہی تو ہمارا آخری سہارا ہیں، یہ کیا ہونے والا ہے؟ جس کیلئے اولین و آخرین نے اپنے زندگیوں کے نذرانے دئیے ہیں کیا انہیں بھی مصائب کا نشان لگنے دیا جائے گا؟ سارے عالم ارواح میں کہرام بپا ہوا، ہر طرف سے یہی آواز آئی، خالق اس خنجر ظلم کو توڑدے، ہمارے آخری سہارے کو اس ظلم کی ضرب سے محفوظ رکھ، جب ایک لاکھ چوبیس ہزار نبی اور عالم ملکوت و عالم ارواح میں کہرام بپا ہوا تو اس وقت امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام نے اپنے آخری لخت جگر سے فرمایا بیٹے یہ سب کچھ تو ہم آپ ہی کیلئے کر رہے ہم نے جتنے مصائب برداشت کیلئے آپ کیلئے کئے ہیں آپ اپنا گلوئے مبارک ہٹا لیں ہم سب کچھ دیکھ سکتے ہیں مگر آپ کے گلوئے مبارک پر اس خنجر کا نشان نہیں دیکھ سکتے آپ فوراً اپنا گلوئے مبارک ہٹا لیں عین اس وقت ملعون ازل نے ضرب لگائی سارے عالمِ ارواح و عالمِ ملکوت وانبیا نے دیکھا کہ شہنشاہ کربلا علیہ الصلوات والسلام نے اپنا گلوئے اطہر اپنے لخت جگرؐ کے گلوئے مبارک پر رکھ دیا اور ظالم نے دیکھا کہ امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کا جسم اطہر سجدے میں ہے مگر سر اطہر سجدہ گاہ پر علیحدہ رکھا ہوا ہے گویا امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام نے اپنے آخری لخت جگر عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف پر اپنا سر اطہر قربان کردیا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار