

Loading content...
جس وقت شہنشاہ کربلا علیہ الصلوات والسلام تشریف لائیں گے تو ان کا لشکر عظیم اس شان سے آئے گا کہ ان کے ہر جوان کے سر پہ سنہری خود ہوں گے اور ان کے کاندھوں پر ذوالفقار صفت تلواریں ہوں گی اس لشکر کے سر پہ ملکوت مردفین و ملکوت مسومین و منزلین کے لشکر پرے باندھے ہوئے ہوں گے اس لشکر اِلٰہی کے آگے اپنے فرس رفرف مزاج پر سوار کردگار وفا علیہ الصلوات والسلام تشریف لارہے ہوں گے ان کے کاندھے پر شہنشاہ مظلومیت علیہ الصلوات والسلام کی شان خداوندی کا علم لہرا رہا ہوگا اور اس لشکر کے درمیان شہنشاہ کربلا علیہ الصلوات والسلام تاج الوہیت صفات موزوں فرمائے اپنے رہوار براق نژاد پر شہنشاہانہ انداز میں سوار تشریف فرما ہوں گے جونہی شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کی نگاہ جد اطہر کے رخ انور کا بوسہ تعظیم لے گی آپ فوراً تعظیماً اپنے رہوار سے اتریں گے اور جد اطہر امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کی رکاب بوسی فرمائیں گے…خدا جانے وہ منظر کتنا حسین ہوگا کہ جب ہمارے شہنشاہ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف اپنے جد مظلوم علیہ الصلوات والسلام کی قدم بوسی کو جھکیں گے اور وہ جناب اپنے لخت جگر اپنے منتقم عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیْف کوکاندھوں سے پکڑ کر سینے سے لگائیں گے پتہ نہیں اس وقت کیا کیفیت ہوگی؟ خوشی کی کیفیت ہوگی یا غم کی؟… ہاں اتنا تو ہم بھی جانتے ہیں کہ آنسو بھی بڑی عجیب چیز ہیں یہ تو بہنے کا بہانہ ہی ڈھونڈتے رہتے ہیں چاہے خوشی ہو یا غم یہ تو برس ہی پڑتے ہیں
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار