

Loading content...
اس آیت کے اسرار پر بہت سے لوگوں نے بہت خوبصورت بحثیں کی ہیں جیسا کہ جناب شیخ عبد العلی ہروی طہرانی غرق اللہ فی رحمتہ نے مواعظ حسنہ میں اور جناب ادیم نقوی صاحب نور اللہ مرقدہ نے اور اسی طرح کئی عرفانے اس پر گفتگو کی ہے میں اس کا یہاں اعادہ نہیں کروں گا بلکہ میں اس کے ایک اور پہلو کو پیش کروں گا، وہ یہ ہے کہ جس طرح ایک رسول آفاقی ہوتا ہے اور ایک رسول انفسی ہوتا ہے اسی طرح ایک شہید آفاقی ہوتا ہے اور ایک شہید انفسی ہوتا ہے- حقیقت یہ ہے کہ جو رسول آفاقی ہوتا ہے وہی شہید آفاقی ہوتا ہے اور جو رسول انفسی ہوتا ہے وہی شہید انفسی ہوتا ہے شہید انفسی کی فرد کی حیثیت سے معیّت معیّت کلّیہ کی طرح ہوتی ہے یعنی وہ ایک فرد کیلئے معیّت قیومیہ کا حامل ہوتا ہے دیکھئے انسان کا جو نفس ہے وہ انسان سے کسی لمحہ جدا نہیں ہوتا اور وہ انسان کے ہر فعل کا محرک بھی ہوتا ہے اور گواہ بھی ہوتا ہے اور اس نفس کے اندر ایک شہید موجود ہے جسے ہم عام حالات میں ضمیر کا نام دے سکتے ہیں اس کے بارے میں میں نے اسم مبارک الرسولؐ میں کافی کچھ بیان کیا تھا مگریہاں یہ عرض کرنا ہے کہ جب انسان کی آخرت کا فیصلہ ہونا ہے تو اس میں بطور گواہ پیش ہونے والوں میں ایک تو شہید آفاقی ہوگا اور ایک شہید انفسی ہوگا یعنی انسان کے ہاتھ پاؤں اعضا و جوارح خود انسان کے گواہ کے طور پر بولیں گے دراصل ان کے اعضاو جوارح کے پیچھے شہید ِنفسی یعنی انسان کے اندرکا شہید گواہی کیلئے کلام کرے گا جیسا کہ اس حقیقت کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار