

Loading content...
یہاں یہ بات واضح کرنا لازم ہے کہ جو علم ذاتِ واجب الوجود اور اس کے انوار سے بحث کرتا ہے وہ علم نور ہوتا ہے جس کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ العلم نور یقذف اللہ فی قلب من یشا ہے یعنی علم ایک نور ہے جسے اللہ جل جلالہ جس دل میں پسند فرماتا ہے انڈیل دیتا ہے اور جو عالمِ خلق سے بحث کرتا ہے وہ علمِ نور نہیں ہے بلکہ غیر نور ہے- ہاں ان علوم میں جو علوم دین سے متعلّق ہیں وہ نورِ علم کے وسائل و ذرائع ضرور بن سکتے ہیں جیسا کہ اگر کوئی شخص اپنے گھر میں بجلی لانا چاہتا ہو تو اسے کیبل فٹنگ کروانا پڑتی ہے جیسے بلب (Bulb)، ٹیوبز (Tubes)لگوانا، پنکھے، فریج، اے سی لگوانا- جب ساری تاریں مکمل ہوجائیں تو اس کے بعد کنکشن لینا پڑتا ہے تب بجلی آتی ہے اسی طرح صرف کیبل فٹنگ اور برقی آلات گھر میںلگوا لینے سے بجلی نہیں آ جاتی بلکہ بجلی ان تاروںکے ذریعے آتی ہے- اسی طرح علوم دین کا حاصل کر لینا نور ِعلم نہیں ہوتا بلکہ نور ِعلم ان کے ذریعے آتا ہے اور نور ِعلم کے حصول کے جو ذرائع ہیں ان میں سے یہ ایک ذریعہ ہے ورنہ حقیقت یہ ہے کہ نور ِ علم کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ زہد فی الدنیا ہے جو آدمی زہد اختیار کر لیتا ہے اسے بغیر تعلیم و تعلّم کے بھی نورِ علم حاصل ہوجاتا ہے اور جو شخص علومِ دین کے حصول کے بعد بھی دنیا کی طرف راغب رہتا ہے اس کیلئے یہ علومِ دین بھی نور ِ علم کے حصول کا ذریعہ نہیں بن سکتے بلکہ وہ علمائے سو میں داخل ہوجاتا ہے اور یہی علم اس کے کیلئے حجاب بن جاتا ہے -
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار