

Loading content...
کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو عرفا ئے عظام کے فرامین سے غلط فہمیوں کے شکار ہوکر ان پر آئے دن فتوے لگاتے رہتے ہیں ان سے گذارش کروں گا کہ عرفائے عظام جہاں بھی ایسے الفاظ استعما ل کرتے ہیں کہ جن سے عام آدمیوں کو شرک کی بو آنا شروع ہوجاتی ہے وہاں وہ شرک سے ہمیشہ پاک ہوتے ہیں کیونکہ وہ جب پاک خاندان کے کسی پاک فرد علیہ الصلوات و السلام میں صفاتِ اِلٰہیہ کا اثبات کر رہے ہوتے ہیں تو اس میں وہ افعال و صفاتِ اِلٰہیہ سے مشابہت کو تصور ہی نہیں کر رہے ہوتے بلکہ وہ ایک اور غیر مشابہہ صفت کی بات کر رہے ہوتے ہیں اس لئے اگر کوئی پاک خاندان علیھم الصلوات و السلام کے پاک افراد علیھم الصلوات و السلام کے بارے میں یہ کہے کہ یہ خالق ہیں ، علیم ہیں ، قدیر ہیں ، حی و قیوم ہیں تو اس میں وہ تشبہ فی الکل نہیں کر رہے ہوتے جیسا کہ کوئی انسان کسی کو کہتا ہے کہ تو دیکھتا بھی ہے سنتا بھی ہے تو اس سے وہ اللہ جل جلالہ کی صفات میں اسے شریک نہیں کر رہا ہوتا بلکہ وہ اس کے دائرہ ٔ ذات کو سامنے رکھ کر بات کر رہا ہوتا ہے جیسا کہ کوئی آدمی کسی نئی چیز کو دیکھ کر کہتا ہے کہ یہ کس کی تخلیق ہے ؟ یعنی اس کا خالق کون ہے یا کوئی کہتا ہے یہ نظم فلاں شاعر کی تخلیقی صلاحیتوں کا شہکار ہے اور وہ اس کا خالق ہے تو اس فقرے سے شرک ثابت نہیں ہوتا کیونکہ وہ اسے خالق بہ حیثیت مخلوق کے لے رہا ہوتا ہے اسی طرح جب کوئی عارف اپنے شہنشاہ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے فضائل میں کئی صفاتِ اِلٰہیہ کا اثبات کرتا ہے تو وہ ان کی انفرادی حیثیت سے ہوتا ہے نہ کہ شرک باللہ کی حیثیت سے… ہاں یہ بات ہے کہ جیسے انسان کے دیکھنے اور سننے کی صفت کے اور اللہ کے دیکھنے اور سننے کی صفت کے بیان میں صرف لفظی اشتراک ہوتا ہے اور حقیقی طور پر کوئی شرک نہیں ہوتا ا سی طرح خاندان پاک علیھم الصلوات والسلام کے بارے میں بھی عام لوگوں سے بھی اور خالق ممکنات سے بھی صفاتی اشتراک کے باوجود اختلاف ہوتا ہے اور اس میں نہ کوئی انہیں مخلوق کا شریک کہہ سکتا ہے اور نہ خلاق انوار اِلٰہیہ کا شریک ٹھہرا سکتا ہے اس لئے کسی پر فتویٰ صادر کرنے سے پہلے اس کے مقصد کو سمجھنا لازم ہوتا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار