

Loading content...
السلام علیٰ ابدانکم و ارواحکم یعنی ہم ان کے ابدان و اجسام نورانیہ اور ارواح قدسیہ علیھم الصلوات والسلام کو بھی سلام عرض کرتے ہیں اور ان ارواحِ قدسیہ کا مقام گویا روح ِعالمین کامقام ہے کیونکہ ان پاک ذوات مقدّسہ علیھم الصلوات والسلام کا تعلّق روح عالمین سے ہے اس لئے ان کے تصرف و اختیار و قدرت کا تعلّق انواعِ عالمین کی ارواح تک پہنچتا ہے کیونکہ ان سارے انواعِ عالمین کی ارواح ان کے ماتحت ہیں اور ماتحت ہمیشہ مافوق کے اختیار میں ہوتا ہے- جیسا کہ ایک آدمی ایک تیتر پالتا ہے وہ جب اس کے سامنے سیٹی بجاتا ہے تو وہ تیتر فوراً بول پڑتا ہے اسی طرح ان کا تصرف ارواح پر ہے یہ بھی کسی چیز کو بولنے کا حکم فرماتے ہیں تو وہ فوراً بول پڑتی ہے جیسا کہ شہنشاہ عالمین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دست مبارک پر سنگریرے بول پڑے، درختوں نے گواہی دی، سوسمار نے کلمہ پڑھ کر سنایا… حقیقت یہ ہے کہ اس میں کسی پتھر کی جمادیت نہیں بولتی تھی اور نہ ہی بول سکتی ہے بلکہ اس کے اندر روح ِجمادی ہی حکم کی تعمیل میں بول رہی تھی کیونکہ جو نوع مافوق بھی ہو اور روحانی یا نورانی بھی ہو اس کا دائرہ تصرف و اختیار روح تک پھیلا ہوا ہوتا ہے- یہی وجہ ہے کہ ملکوت انسان کی روح پر تصرف کر سکتے ہیں یعنی روح کا قبض و بسط آسانی سے کر سکتے ہیں کیونکہ ان کی نوع نورانی ہے اور بہ حیثیت نوع وہ انسان سے اعلیٰ نوع کے حامل ہیں مگر کسی ذات کے حکم پر وہ انسان کی خدمت کرتے ہیں جیسا کہ حکومت کے حکم سے ڈی سی اور کمشنر بھی ایک مزدورکے جھونپڑے کی حفاظت کے ذمہ دار ہوتے ہیں اسی طرح حکومت اِلٰہیہ کے نظام کو دیکھا جائے تو زمین و آسمان اور ملکوت وغیرہ اس کائنات میں صرف انسان ہی کیا ہر جاندار کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں ورنہ وہ اپنی ڈیوٹی کے موقعہ پر تو کسی نبی کو بھی اتنا موقعہ نہیں دیتے کہ دھوپ سے چل کر چھاؤں تک جا سکے جیسا کہ جناب سلیمان علیہ السلام کے ساتھ ہوا تھا کہ انہیں تو بیٹھنے کی مہلت نہیں دی گئی تھی یہ علیحدہ بات ہے کہ کسی اعلیٰ ذات کے تعلّق کی وجہ سے وہ جھڑکیاں بھی کھا کر محسوس نہیں کرتے جیسا کہ جناب سلمان محمدی سلام اللہ علیہ سے جھڑکیاں کھاکر بھی بد مزہ نہ ہوئے تھے کیونکہ وہ ان کے خادم تھے کہ جنہوں نے فرمایا تھا الملکوت خدامنا و خدام محبینا یعنی ملکوت ہمارے بھی خادم ہیں اور ہمارے چاہنے والوں کے بھی خادم ہیں-
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار