

Loading content...
کچھ عرفاعظام رضوان اللہ علیھم نے لکھا ہے کہ جب مومنین اور انبیا و رسل علیھم الصلوات و السلام جنت میں جائیں گے تو وہاں وہ ہر چیز کو حیرت و استفہام کی نگاہ سے دیکھیں گے وہاں وہ دیکھیں گے کہ ایک طرف سے ایک نور ساطع ہے کہ جس سے ساری جنت منور ہے اور وہی ساری جنتوں کو روشنی مہیا کر رہا ہے تو سوچیں گے یہ کیسا نور ہے ؟ پھر وہ ایک دوسرے سے اس کے بارے میں بات کریں گے تو سارے نفی میں جواب دیں گے کہ ہمیں معلوم نہیں ہے کہ یہ نور کیسا ہے کہاں سے آرہا ہے اور یہ کس کا نور ہے ؟ اس کے بعد جنتی لوگ اپنے اپنے انبیا و رسل علیھم السلام کے پاس جائیںگے اور عرض کریں گے کہ آپ ہمیں اس نور کے بارے میں آگاہ فرمائیں- اس استفسار پر وہ فرمائیں گے ہم خود اس نور سے لاعلم ہیں- آئیے ہم سب مل کر شہنشاہ انبیاو رسل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوکر اس کے بارے میں استفسار کریں کہ یہ کیسا نور ہے اور کس مقام سے آرہا ہے اور یہ کس کا نور ہے؟ وہ ساری امتوں سمیت جب شہنشاہ انبیا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں جاکر عرض کریں گے تو وہ فرمائیں گے کہ چلو ہم آپ کو اس نور کے مبدہ کی طرف لے جاتے ہیں تاکہ وہاں جاکر آپ خود مشاہدہ کرلیں کہ یہ کس کا نور ہے کہ جس سے ساری جنتیں منور ہیں پھر وہ سارے انبیا و رسل علیھم السلام اور ان کی امتوں کو لے کر اس طرف روانہ ہوجائیں گے کہ جہاں سے وہ نور ساطع ہو رہا ہوگا وہاں جاکر سب لوگ دیکھیں گے کہ وہاں ایک آنکھوں کو خیرہ کرنے والے نور کا قبہ ہوگا جب آپ وہاں تشریف لے جائیں گے تو اس وقت انبیا و رسل علیھم السلام عرض کریں گے کہ ہم تو شدتِ تنویر کی وجہ سے اس کے اندر دیکھ ہی نہیں سکتے اس وقت شہنشاہ انبیا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اس قبۂ نور کی طرف رخ کرکے فرمائیں گے اے میرے مظلوم بیٹے آپ اپنے حجابِ نور سے باہر آئیں تاکہ یہ لوگ آپ کی زیارت کر سکیں اس وقت شہنشاہ کربلا علیہ الصلوات و السلام اپنے حجاب نور میں سے کچھ حجابات کو ہٹائیں گے تو سارے انبیا و رسل علیھم السلام ان کی زیارت کریں گے اس کے بعد شہنشاہ انبیا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان سے فرمائیں گے کہ اب تم سب اس قبلۂ عالمین کا طواف کرو یہاں تمہاری عبادت یہی ہے اور اہل جنت کیلئے شہنشاہ کربلا علیہ الصلوات و السلام کا نور ہی قبلہ قرار پائے گا -
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار