

Loading content...
اگر ہم اس معنی میں شہنشاہ معظم عجل اللہ فرجہ الشریف کودلیل مان لیں تو یہ بھی درست ہے کیونکہ اللہ جل جلالہ ازل سے ایک دعویٰ ہی ہے یعنی جب سے مخلوق کو خلق فرمایا گیا وہ اسی دن سے اپنے غیر کیلئے ایک دعویٰ ہی تھا کیونکہ دعویٰ اس چیز کو کہتے ہیں کہ جو بذات خود ظاہر و ثابت نہ ہو جیسا کہ سورج ہمارے سامنے موجود ہوتا ہے تو اس کے موجود ہونے پر دلیل کی کوئی ضرورت نہیں ہے اسی لئے یہ مسلّمہ ہے کہ مشاہدے پر دلیل نہیں ہوتی دلیل کی ضرورت ہمیشہ اس چیز کیلئے ہوتی ہے جو مشاہدات عشرہ میں نہ آسکے یا جسے حواس خمسہ و عشرہ فوری دریافت نہ کر سکیں جیسا کہ خوشبو اگرچہ دیکھی نہیں جا سکتی مگر حسِ شامہ سونگھنے کی قوت اس کا مشاہدہ کر لیتی ہے اس لئے اس کے موجو د ہونے پر بھی دلیل نہیں ہوتی بلکہ دلیل صرف ان چیزوں پر ہوتی ہے کہ جن کا دعویٰ تو کیا جا سکے مگر اس کا ادراک نہ کروایا جا سکے اس حساب سے اللہ جل جلالہ ازل سے ایک دعویٰ ہی رہا ہے اور ہمیشہ اس دعوے کی تردید ہوتی چلی آئی ہے اور اللہ نے ایک لاکھ چوبیس ہزار گواہ بھیجے ہیں مگر انسانیت میں ابھی تک یہ دعویٰ کلّی طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکا- حقیقت یہ ہے کہ ازل سے ملکوت و کروبیاں کے سامنے بھی یہ ذاتِ غیب الغیوب ایک دعویٰ ہی تھی اور اب بھی ہے مگر عالم ِازل میں اللہ نے ایک دلیل دی اور وہ دلیل اس کا اپنا نورِ ذات تھا کہ جس نے مخلوق ِازل میں اللہ کو ثابت کردیا اور اگر یہ انوارِ اِلٰہیہ ذاتیہ علیھم الصلوات و السلام نہ ہوتے تو نہ اللہ ازل میں ثابت ہوتا نہ ابد میں اور وہ ہمیشہ ایک دعوائے بِلا دلیل ہی رہتا اور دعوائے بلادلیل کبھی حق نہیں ہوتا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار