

Loading content...
ایک عرصے سے میں اپنے شہنشاہ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے اسمائے مبارکہ پر گفتگو کر رہا ہوں اور اپنے مالک و منعم کے عطا کردہ شعور کے مطابق ان اسمائے مبارکہ کی تشریحات پیش کر رہا ہوں- دوستو یہاں یہ بات بھی عرض کرنا ضروری ہوگاکہ مالک و منعم ِمطلق کا کرم و عطا بھی ہمیشہ قوانین ِ عدل کے مطابق ہوتا ہے اور کسی پر معارف کا نزول ہوتا ہے تو اس کی قامت و ظرف و قبول کے عین مطابق ہوتا ہے جیسا کہ والدین اپنے بچوں کو جو لباس دیتے ہیں وہ ان کی قامت کے مطابق دیتے ہیں نہ کہ ہر بچّے کو ایک ہی سائز کا لباس دیتے ہیں اور یہی عین عدل ہے کیونکہ سب بچوں میں چھ میٹر کپڑے کا سوٹ دینا ایک مساوات تو ہے مگر یہ عدل کے خلاف ہے کیونکہ کسی بچّے کی قامت تین فٹ ہے اور کسی کی چھ فٹ ہے اور ان سب کو ایک ہی سائز کا لباس دے دینا ان کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوتا ہے- عدل یہ ہے کہ سب کو ان کی قد و قامت کے مطابق موزوں لباس دیا جائے- اسی طرح جب اللہ جل جلالہ کی طرف سے نزول ِ عرفان ہوتا ہے تو وہ انسان کی قامت ِ باطنی کے مطابق ہوتا ہے اور ایسا ہوتا ہے کہ جو اس کی قامت ِ باطنی پر بالکل موزوں ہوجاتاہے اس لئے حکم ہے کہ کسی پر اپنی معرفت کو مسلط نہ کرو ممکن ہے اس کی قامت ِ باطنی تم سے زیادہ ہو اور وہ اس لباس کو پہننے کی کوشش کرے گا تو اس کے جسم کیلئے معرفت کا تنگ لباس باعثِ اذیّت ہوگا اور اگر اس کی قامت تم سے کم ہوگی تو بڑا لباس اس کیلئے باعث ِ رسوائی و تضحیک ہوگا -
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار