

Loading content...
دوستو مجھ سے یہ کہا گیا ہے کہ میں اپنے ہی کج مج خطابات کے بارے میں کچھ عرض کروں مگر مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کیا کہنا چاہیے کیونکہ جو کچھ مجھے کہنا تھا وہ میں نے سٹیج پر کہہ دیا اور اسے ڈاکٹر ایم حر نے آپ کے سامنے رکھ دیا ہے میں اس کے بارے میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ مجھے اپنی کوتاہی فکر اور تنگ ظرفی کا اعتراف ہے کیونکہ میں اپنے مالک و منعم ازل شہنشاہ معظم ولی العصر عجل اللہ فرجہ الشریف کے بارے میں ان کے شایان شان کچھ بھی نہیں کہہ سکا کیونکہ میں ان کی معرفت سے عاجز محض ہوں- ہاں جو کچھ میں نے عرض کیا ہے یہ بھی انہی کے کرم اور توفیق سے کیا ہے- میں سمجھتا ہوں کہ عرفا کو اس میں میری بہت سی کوتاہیاں نظر آئیں گی اور امید ہے کہ وہ میری معذوریوں اور مجبوریوں کو سامنے رکھتے ہوئے مجھ سے درگزر فرمائیں گے اور دعا بھی فرمائیں گے کہ میں ان کے معیار پر پورا اتر سکوں اور اگر کچھ لوگوں کو اس میں ان کے مخصوص نظریات کی تردید نظر آئے گی تو انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ تو ایک فقیر کا درس ہے اس میں ان کے مطلوبہ و مقصودہ علم کی باتیں کہاں سے ملیں گی اور وہ مجھے اپنا مخالف نہ سمجھیں کہ فقیر تو کسی کا مخالف نہیں ہوتا بلکہ سب سے پیار کرتا ہے اور اسی پیار کی وجہ سے تو اپنے کشکول کے نمک پارے آپ کے سامنے رکھ رہا ہے یہ اور بات ہے کہ وہ آپ کے قابل نہ ہوں مگر ہماری بھی مجبوری ہے کہ ہمارے پاس اس کے علاوہ کچھ ہے ہی نہیں- اگر انہیں یہ پسند آئیں تو دعا کریں اگر ناپسند ہوں تو بھی دعا کریں کہ مالک و منعم ازل عجل اللہ فرجہ الشریف اس فقیر کی معرفت کو کامل فرمائے تاکہ آپ کے شایان شان کوئی بات پیش کر سکے- ہاں کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جو فقرا سے کبھی بھی راضی نہیں ہو سکتے تو ان کیلئے بھی فقیرانہ جملہ ہی کہوں گا کہ بھلا ہو بابا -
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار