

Loading content...
مرکز کسی بھی محیط کا ہو اس کا ادراک محال ہے اور ادراک سے اس کا اَبعَد ہونا مسلم ہے مثلاً آپ ایک دس فٹ قطر کا دائرہ لگائیں اس کا مرکز قائم کریں جو کئی انچ پر مبنی ہو گا پھر وہ نقطہ جو کئی انچ قطر کا ہے اس کا بھی ایک مرکز ہے وہ مرکز ایک ملی میٹر کا ہو گا پھر اس کا بھی ایک اپنا مرکز ہو گا جو ایک پین کے نقطہ کے برابر ہو گا اب اس مرکزی نقطے کو خوردبین Microscope سے دیکھیں گے تو اس کا بھی ایک مرکز ہو گا جو انتہائی باریک ہو گا تا اینکہ ایک انتہائی حساس خوردبین جو کئی کروڑ گنا بڑا کر کے دکھا سکتی ہو تو اس سے دیکھتے جائیں اور مرکز سمٹتا چلا جائے گا تا اینکہ مرکز سمٹتا سمٹتا اتنا سمٹے گا کہ وہ محیط میں گم ہو جائے گا اور اس کا صرف تصور ہی ہو سکے گا ادراک نا ممکن ہو گا اسی طرح اس دائرہ ممکنات میں جب انسان غور کرے گا تو ایک غیر مرئی مرکز موجود ماننا پڑے گا جو حواس و مدرکات سے بہت دور ہونے کے باوجود خود کو تسلیم کروا رہا ہو گا اور یہ تسلیم کرنا عین عقلی ہو گا نہ کہ مذہبی کیونکہ مرکز کی شان ہی یہی ہے کہ وہ ادراکِ عالم سے اجل و ارفع و ابعد ہو اور غیر مرئی ہو غیر محسوس ہو اور مرکز کی عظمت یہ ہے کہ ادراک سے ارفع و ابعد ہوتے ہوئے انتہائی سمٹنے کے باوجود محیط میں ایسا گم ہو کہ لا مکاں ہو جائے اور محیط کا ہر درجہ اس کے گرد گھومتا ہوا نظر آئے یہ مادی ترقی جس منزل کی طرف محوِ خرام ِناز ہے وہ وہی مرکز ِکائنات ہے جو محیط میں گم ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار