

Loading content...
مالک حقیقی اور مخلوق کے مابین جو حجابات ہیں ان کی کئی اقسام ہیں میں یہاں ان سب کا تو شاید ذکر ہی نہ کر سکوں ہاں کچھ حجابات کا میں یہاں اجمالی ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں ان میں کچھ حجابات افعالی ہوتے ہیں یعنی مالک حقیقی کے اپنے افعال ہی مخلوق کے سامنے مخلوق ہی کو پردہ بنا دیتے ہیں جیسا کہ ایک آدمی کیلئے حقیقی ممیت مالک ِ حقیقی ہی ہوتا ہے مگر جب کسی انسان کو کوئی بیل مارتا ہے اور وہ مرجاتا ہے تو وہ خالق حقیقی بیل کے فعل کے پردے میںمخفی ہوجاتا ہے اور لوگ بیل کو کوس رہے ہوتے ہیں اسی لئے عرفا کہتے ہیں کہ عارف وہ ہے جو نقائص میں اللہ جل جلالہ کا پردہ بن جائے اور محاسن میں اللہ جل جلالہ کو اپنا پردہ بنا لے یعنی جب اس سے نیکی سرزد ہوتی ہے تو یہ مالک حقیقی کی توفیق سے ہی ہوتی ہے اس لئے اس نیکی کو اپنا فعل یا اپنا کارنامہ نہ بتائے بلکہ اس میں اپنے مالک کو اپنا پردہ بنا لے کہ سب اسے بھول جائیں اور اس کے مالک کو یاد کریں کہ یہ سب کچھ اسی کے کرم سے ہوا ہے اور جب انسان سے غلطی سرزد ہوتی ہے تو یہ بھی مالک کی توفیق سلب ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے اور ایک طرح سے یہ فعل بھی اسی کا ہوتا ہے کیونکہ اس نے ہمیں حال پہ چھوڑا اس لئے ہم گناہ کر بیٹھے سو اس وقت انسان کو مالک کا پردہ بننا پڑتا ہے یعنی وہ اس طرح کہ ساری دنیا اس کے مالک کو بھول جائے اور اسے اس فعل کا فاعل مانے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار