

Loading content...
یہ سلسلۂ نظم کائنات عقول کاملہ کو اس حقیقت سے آشنا کرے گا کہ کائنات کے جملہ شعبے محتاج وسائل ہیں ہر چیز کے وجود و عدم میں کوئی نہ کوئی وسیلہ ضرور کار فرما ہے جب انسان وسائل کو کھودے گا تو ہر وسیلے کے نیچے ایک اور وسیلہ چھپا ہوا پائے گا اور انہی وسائل کو وجوہات بھی کہا جاتا ہے یعنی ایک شخص نے آٹے کا ڈھیر دیکھا تو پوچھا کہ کیا وجہ تھی کہ آٹا یہاں اس شکل میں آیا ہے تو وہ چکی تھی، مگر چکی بیکار ہے جب گندم نہ ہو، گندم کے دانے ہو نہیں سکتے جب تک اس کا پودا نہ ہو، پودا ہو نہیں سکتا جب تک اس کا بیج نہ ہو، بیج ہو نہیں سکتا جب تک زمین نہ ہو، مگر زمین بھی کافی نہیں ہے بلکہ اس کا زرخیز ہونا ضروری ہے، پھر زرخیزی کافی نہیں پانی کی بھی ضرورت ہے، اب پانی کے وسائل کا ایک علیحدہ سلسلہ شروع ہو جائے گا یعنی کہیں کنواں، کہیں ٹیوب ویل، کہیں (Electric Water Pump) الیکٹرک واٹر پمپ، پھر ان میں سے ہر چیز اپنے ایک ایک ایٹم کیلئے بیسیوں وسائل کی محتاج ہے تو ماننا پڑے گا کہ ایک دانۂ گندم کی تکمیل کے وجوہات و وسائل اس قدر لا محدود ہیں کہ انسان باور کرتا ہے کہ پوری کائنات نے مل کر بڑے جتنوں سے ایک دانۂ گندم کو تخلیق کیا ہے یہ تو ایک مثال تھی اسی فارمولے کو کائنات کی جملہ اشیا پر لاگو کر کے دیکھیں تو حقائق سے حجابات اُٹھتے چلے جائیں گے اور انسان ضروریات زندگی کی ایک ایک چیز کو دیکھتا چلا جائے گا اور حیرت کے سمندر میں غرق ہوتا چلا جائے گا اور سوچنے پر مجبور ہو گا کہ آخر کس نے اسے وسائل کے سمندر میں مچھلی کی طرح زندہ رکھا ہوا ہے؟
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار